گزشتہ ہفتے سے گرمی کی شدت بڑھنے سے روزہ داروں کو روزے رکھنے میں کافی مشکل پیدا ہورہی تھی -خاص طور سے دھوپ میں اورمحنت و مشقت کرنے والے افراد مشکلات کا شکار تھے اب ان کے لیے رب کریم کی طرف کر ابر کرم برسنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے -آج محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عید سے قبل ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی جبکہ بالائی وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنے رپورٹ میں کہا ہے کہ مغربی ہوائیں 15 اپریل کو ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی،15 تا20 اپریل کشمیر، گلگت، چترال، سوات، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد ، پشاور، مری، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور کچھ مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق 17 اور18اپریل کو سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ملتان، رحیم یار خان سرگودھا، گجرات، حافظ آباد، نارووال، لاہور، فیصل آباد میں تیز ہواﺅں کیساتھ بارش متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں کی انتظامیہ لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کے لیے بروقت قدم اٹھائے تاکہ ہر قسم کے حادثے سے اس علاقے کے مکین محفوظ رہیں –