راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہو گئی، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے نشیبی علاقوں میں فوجی دستے پہنچ گئے۔ نالہ لئی کے بپھر جانے کے بعد شہریوں کو مکان تو خالی کرنے کے احکامات تو جاری کر دیئے گئے تاہم ریلیف کیمپ نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے سبب شہری شدید پریشان ہیں اور حکومت سے سخت ناراض ہیں ۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کا قیمتی سامان اور فرنیچر دوسری منزل پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں جبکہ تاجروں کو بھی دکانوں سے سامان نکالنے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خاصی بلند ہو گئی۔ کٹاریاں کے علاقے میں نالہ لئی کی سطح 19 فٹ اور گوالمنڈی میں 18 فٹ تک پہنچ گئی۔ نالہ لئی اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 9 سے 10 کلومیٹر شہری حدود سے گزرتا ہے، اس کے کناروں کے دونوں جانب بڑی تعداد میں لوگ آباد ہیں جب بھی راولپنڈی اور اس کے مضافات میں موسلادھار بارش ہوتی ہے تو یہ نالہ پنڈی کی عوام کے لیے آسیب بن جاتا ہے اسی لیے راولپنڈی کی انتظامیہ ہر وقت الرٹ رہتی ہے ، جیسے ہی کٹاریاں میں پانی کی سطح 19 فٹ تک پہنچی تو فلڈ کنٹرول روم نے خطرے کے سائرن بجا دیئے۔ علاقہ مکینوں کو مکانات خالی کرنے اور مارکیٹوں میں دکانداروں کو اپنا سامان محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔