پنجاب میں سردی نے پنجے گاڑ لیے ہیں -سردی کی آمد کے ساتھ ہی دھند نے اپنا راج قائم کرلیا ہے اور شام ڈھلتے ہی حدنگاہ بہت کم رہ جاتی ہے موٹر وے پر موسم کی صورتحال اور خراب ہوجاتی ہے جسکے سبب شدید حادثات کا خطر ہ رہتا ہے – اب گزشتہ2 روز سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے – اس لیے حفاظتی اقدامات کے تحت موٹروے پولیس نے مختلف مقامات سے موٹرویز کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے ۔
موٹروے پولیس نے عوام کو بتلایا ہے کہ لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے درخانہ تک ، موٹروے ایم 4 فیصل آبار سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 5 کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند ہے،ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت حادثات سے بچانے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی پیلی اور سبز لائٹس کا استعمال کریں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔