ہر وقت انقلاب کے نعرے لگانے والے شیخ رشید 9 مئی کے سانحہ کے بعد سے اب تک روپوش تھے مگر اب انھوں نے عوام کے سامنے آنے کا اعلان کردیا ہے –
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید کا کہناتھا کہ میں عید پر لیاقت باغ میں نماز عید میں شرکت نہ کر سکا ،ہم تمام لوگ آج جمعہ کی نماز کے بعد سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار سے مولانا اشرف کی قیادت میں نکلیں گے، یہ وہی جگہ ہے جہاں ہم ختم نبوتؐ کیلئے نکلا کرتے تھے، انھوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آج جذبہ ایمانی کا ثبوت دیں اور نبیؐ کا جھنڈا بلند رکھیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کاکہناتھا کہ میں آج عاشقان رسولؐ اور ختم نبوت کے مجاہدوں سے اپیل کرتا ہوں کہ سویڈ ن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف آج جوش جذبے ولولے سے نکلیں اور نبیؐ کا جھنڈا بلند کریں۔شیخ رشید 70 سال تک فوج اور اسٹیبلیشمنٹ کے منظور نظر رہے مگر اس بار انھوں نے اپنی لائین تبدیل کی اور عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کا فیصلہ کیا جس پر وہ آج کے دن تک قائم ہیں اور اسی وجہ سے حکومت اور مقتدر حلقے ان سے ناراض ہیں اور چند ماہ قبل انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا –