آپ نے اب تک تو بہت سنا ہو گا کہ لڑکے نے دلہن کی جائیداد ہتھیا لی یا لڑکے نے دلہن کو مار پیٹ کر اسکا سارا زیور چھین لیا اور بھاگ نکلا مگر ایسی خبر سالوں میں کبھی کبھار ہی سننے کو ملتی ہے کہ دلہن ایسا کرنے میں سبقت لے جائے۔
عموماََ ہمارے ہاں ایسا یا تو کوئی پیشہ ور عورت کرتی ہے جو اپنی کسی مجبوری کی وجہ سے یا کسی کے کہنے پر لوگوں کو لوٹنے کا دھندا کرتی رہی ہو یا کبھی ایسا بھی سننے میں آتا ہے کہ کسی عورت نے بوڑھے امیر شخص سے شادی کر لی اور اسکے مرنے کے بعد اسکی جائیداد کی مالک بن بیٹھی مگر بھارت میں ایک ایسا واقعہ سننے میں آیا جو اپنی نوعیت کا عجیب واقعہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع مین پوری میں نئی نویلی دلہن سسرال جاتے وقت شوہر سے پانی منگوانے کا بہانہ بناکر سسرال کا سارا زیور اور نقدی لے کر بھاگ نکلی۔

راجو نامی شخص کی شادی کسی تیسرے شخص کے توسط سے گزشتہ ماہ طے کی گئی تھی ۔
شادی سے قبل لڑکی کے گھر والوں نے راجو کے اہل خانہ کے سامنے شرط رکھی کہ ان کی لڑکی کی راجو سے شادی اسی وقت کی جائے گی جب وہ لڑکی کے گھروالوں کو 80 ہزار بھارتی روپے ادا کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق راجو کے گھر والوں کو بھی کافی عرصے سے لڑکی نہیں مل رہی تھی لہٰذا وہ اس شرط پر راضی ہوگئے، بعد ازاں دونوں کی شادی بڑی دھوم دھام سے انجام پا گئی۔ دونوں خاندانوں نے بھرپور شرکت کی۔
شادی کے موقع پر دلہا کے گھر والوں نے روایت کے مطابق بہو کے لیے،کپڑے، زیوارت اور بہت سے تحائف کا بھی انتظام کیا ہوا تھا۔
رخصتی کے بعد راجو نئی نویلی دلہن کو اپنے گھر لے جانے کے لیے بس میں سوار ہوگیا۔

اس دوران ایک بس اسٹینڈ پر پہنچ کر نوبیاہتا دلہن نے راجو سے کہا کہ وہ پیاسی ہے راجو انہیں پانی کی بوتل لادے، راجو جب بیوی کے لیے پانی کی بوتل لے کر سیٹ پر پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس کی نئی نویلی بیوی تمام تحفے تحائف اور نقدی لے کر فرار ہوچکی ہے۔
بعد ازاں راجو کی جانب سے دلہن اور اس کے اہل خانہ کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔