بھارت سے چھوڑا گیا پانی پاکستان کے چند دیہاتوں کو تباہ کرنے کے بعد آہستہ آہتہ سمندر کی جانب بڑھ رہا ہے -ستلج چناب اور راوی کے پانی نے پاکپتن ،قصور اور جھنگ کے بعض دیہاتوں کو بری طرح متاثر کیا اور کھڑی فصلیں سیلاب کی زد میں آکر برباد ہوگئیں .اچانک پانی آجانے سے بعض علاقوں میں بہت سے لوگوں کو ریسکیو بھی کیا گیا -چند روز قبل نگران وزیراعلیٰ نے جھنگ کا دورہ کیا -آج شہبازشریف نے بھی جھنگ کے دورے پر روانہ ہونا تھا مگر موسم کی خرابی کے باعث اب یہ دورہ منسوخ کردیا گیا ہے -اگرچہ راوی اور چناب میں اب سلابی صورتحال بہتر ہورہی ہے مگر اب ستلج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے -دریائے ستلج میں بہاول پور اور بہاول نگر کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد و اخراج 14 ہزار 221 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ وہاڑی ضلع کی حدود میں دریائے ستلج معمول کے مطابق بہہ رہا ہے جب کہ جسڑ کے مقام پر دریائے راوی کے پانی کی سطح میں کمی جاری ہے جہاں پانی کا بہاؤ 24 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے، نالہ بئیں میں پانی کابہاؤ 234 اورنالہ ڈیک میں 220 کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ مگر الحمداللہ پاکستان پر اللہ کا خاص کرم ہوا اور سیلاب کے سبب شاہدرہ ،چنیوٹ ،پاکپتن،نارووال اور قصور سمیت پاکستان کے بہت سے شہروں میں سیلاب کا جو شدید خطرہ بتایا گیا تھا اب اس میں کافی حد تک کمی آچکی ہے –