وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن منانے کا آئینی حدود میں سب کو یکساں حق حاصل ہے۔
انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سماجی، اخلاقی اور مذہبی طور پر ناقابل قبول نعروں سے گریز کرتے ہوئے اس دن کو حدود میں رہتے ہوئے منائیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں کسی بھی دن کے انعقاد کے لیے ایک مناسب طریقہ کار موجود ہے اور ہر شخص کو قانون میں بتائے گئے ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہیے۔

دریں اثنا، اتوار کو پشاور میں حالیہ دھماکے کے سوگوار خاندانوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، مذہبی ہم آہنگی کے بارے میں نمائندہ خصوصی نے کہا کہ اتحاد اور بھائی چارے کے ذریعے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے لوگ بہادر ہیں اور امن کی بحالی کے لیے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ پشاور دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کا دورہ کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔