آج سے چند روز قبل خانیوال کے ایک ہوٹل پر دہشت گردی کا واقعہ ہوا تھاجس میں حساس ادارے کے 2 ارکان کو نشانہ بنا یا گیا تھا -سی سی ٹی وی فوٹج کی مدد سے ان کو مارنے والے شخص کی شناخت عمر نیازی کے نام سے ہوئی تھی جو خانیوال کا ہی رہائشی تھا جس کے بعد اس کے گرد گھیرا تنگ کردیا تھا -اور اب اطلاعات ہیں کہ خانیوال میں حساس ادارے کے 2افسران کو قتل کرنیوالے ملزم عمر نیازی نے پکڑے جانے کے خوف سے خود کشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق تھل کے علاقے میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزم تک پہنچ گئے تو اس دہشت گرد نے گرفتاری کے خوف سے خودکو گولی مارلی ، عمرنیازی کالعدم تنظیموں سے تعلقات کی وجہ سے واچ لسٹ میں بھی شامل تھا۔ ملزم نے چند روزقبل خانیوال میں ہوٹل پر فائرنگ کرکے انٹیلی جنس ادارے کے ڈائریکٹر اور انسپکٹر کو شہید کردیا تھا ۔حساس اداروں نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس کی جانب سے ملزم کا خاکہ بھی جاری کیا گیا تھا ۔