حیدرآباد میں تصادم کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

حیدر آباد: حیدر آباد میں احتجاج کے دوران تصادم کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

جمعہ کی رات دیر گئے پی ٹی آئی کے کارکن حیدر چوک پر احتجاج کر رہے تھے کہ مبینہ طور پر علاقے سے گزر رہے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ تصادم ہوا۔

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے کارکن پی پی پی کے کارکن کی گاڑی کے گرد جمع ہوگئے جس کے بعد ہاتھا پائی اور شدید الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ پی پی پی اور پی ٹی آئی دونوں کارکن آمنے سامنے آگئے جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس نے کارکنوں کو منتشر کردیا اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی۔

Image Source: BOL News

پی ایس ایف حیدرآباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اسفند مری کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

سٹی پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ وہ گھر جا رہے تھے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے انہیں ہراساں کرنے اور مارنے کی کوشش کی۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

مقدمہ پی ٹی آئی کے ڈویژنل نائب صدر ڈاکٹر مستنصر بلال اور ضلعی نائب صدر اظہر شیخ سمیت چار عہدیداروں اور دو سو نامعلوم کارکنوں کے خلاف درج کیا گیا۔ مقدمے میں ہنگامہ آرائی، دھمکیاں دینے اور قتل کی کوشش کی دفعات شامل ہیں۔

حمزہ شہباز کی جیت پر پارٹی چیئرمین عمران خان کی کال کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جمعہ کی رات وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا تھا۔

فیصلے کے خلاف کراچی میں مین شاہراہ فیصل پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کے باعث نرسری سے بلوچ کالونی پل تک مسافروں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر اسلام آباد میں کارکنوں نے ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے حامی چاندنی چوک پر جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

Related posts

عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئیں

فیصل واڈا اور مصطفیٰ کمال کے ساتھ پریس کانفرنس دکھانے والے چینلز بھی پھنس گئے

ملک ایجنسیوں کی مرضی پر چلے گا یا قانون کے مطابق ؛عدالت برہم