اسلام آباد: حکمران اتحاد نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قومی اسمبلی (این اے) کی تمام نو خالی نشستوں پر الیکشن لڑنے کے فیصلے پر اعتراض اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکمران اتحاد کے امیدوار قومی اسمبلی کی 9 خالی نشستوں کے لیے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائیں گے۔
امیدوار 17 سے 20 اگست کے درمیان الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اعتراضات دائر کریں گے۔ توشہ خانہ اور فنڈنگ چھپانے سے متعلق اعتراضات دائر کیے جائیں گے۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر انتخابی نگراں ادارے کا فیصلہ بھی اعتراضات میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعتراضات آئین کے آرٹیکل 62(1)(ایف) کے تحت دائر کیے جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور حکومتی اتحادیوں کے قانونی مشیروں نے اس سلسلے میں اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے تمام 9 نشستوں سے ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، جو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
ای سی پی کے شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔
29 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ایم این ایز کے منظور شدہ استعفے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو موصول ہو گئے تھے۔