وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے چار سالہ دور میں کی گئی کرپشن پر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
بدھ کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے ذریعے کی گئی کرپشن کی قانون کے مطابق تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ لوٹا گیا اس لیے سابق وزیراعظم کو جواب دینا پڑے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں جھوٹے مقدمات اور الزامات کے ذریعے اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا لیکن عدالتوں میں کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ قیمتوں میں اضافے، بجلی کی بندش اور گیس کی قلت کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چار ہزار میگاواٹ کے پاور پراجیکٹس کی تکمیل کو ترجیح دے رہی ہے جو کہ پچھلی حکومت کی طرف سے تاخیر کا شکار تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو تمام چیلنجز سے نکال کر معیشت کو مستحکم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے بعد روپیہ بھی مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درست سمت میں لے جانے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔