بجلی کے بھاری بل گھروں میں تنازعات کا سبب بننے لگے -اور اور آج یہ بل حافظ آباد کا ایک اور گھر اجاڑ گیا – بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی سے تنگ میاں بیوی میں جھگڑا بڑھ گیا،شوہر نے پیچ کس مار کر بیوی کو زخمی کر دیا ، ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر زخمی بیوی نے زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعہ کے بعد شوہر ابرارموقع سے فرار ہوگیا – پولیس نے لاش کو قبضے میں لے لیا ۔مذید تفتیش کی جارہی ہے کہ آخر معاملہ تھا کیا ؟
اس افسوسناک واقعہ میں فوت ہونے والی خاتون 6بچوں کی ماں تھی، اہل محلہ نے بتایا ہے کہ ان کے گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت فوزیہ کے نام سے ہوئی ۔ پولیس تھانہ سٹی نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق خاوند ابرار کا اپنی بیوی فوزیہ سے بجلی بل پر مبینہ جھگڑا ہواتھا۔ خاوند کو رنج تھا بیوی بجلی زیادہ استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے بل زیادہ آیا۔ محلے داروں نے بتایا کہ میاں بیوی میں اکثر تنگدستی کی وجہ سے تنازعہ رہتاتھا ۔بجلی کے بلوں کی وجہ سے اب تک بہت سے لوگ خود کشیاں کرچکے ہیں مگر افسوس کے آج نگران وزیراعظم نے قوم کو صاف صاف کہہ دیا کہ بجلی کے بل تو ہر کسی کو ہر قیمت پر ادا کرنے ہی پڑیں گے -ہم نے جو معاہدے آئی ایم ایف سے کررکھے ہیں اس سے کسی طور پیچھے نہیں ہٹ سکتے –