طویل عرصے سے سیاست سے دور رہنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما جہانگیر ترین بھی 9 مئی کے واقعے پر خاموش نہ رہ سکے -جہانگیر ترین نے کور کمانڈر ہاﺅس اور جی ایچ کیو پر حملے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھا کر اندر گئے ، یہ انہیں کے ورکرز ہیں ، یہ شرمناک حرکت ہے اس کی کوئی معافی نہیں ہے ، امید ہے جن لوگوں نے یہ پلان کر کے کروایا ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مجھے بہت افسوس ہے بلکہ بہت زیادہ دکھ ہے ، جناح ہاﺅس کے ساتھ کس قسم کا برتاﺅ کیا گیا، کون ایسے لوگ ہیں جن کی ایسی سوچ ہے کہ ایک رہنما اپنے ایک دوست سے کہہ رہاتھا کہ یہ کام ہو گیا، ہم نے ساری زندگی پاکستان میں گزاری ہے ، ایسا کوئی سوچ بھی نہیں سکتاکہ کورکمانڈر ہاؤس میں ایسی حرکت کی جائے ، جن لوگوں نے یہ کروایا ہے اور جنہوں نے یہ کیا ہے ، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، اللہ لوگوں کو عقل اور سمجھ دے ، ایسی چزیں قومی اثاثے کے ساتھ نہیں کر سکتے، اس کی کوئی معافی نہیں ہے ، امید ہے جن لوگوں نے یہ پلان کر کے کروایا ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا ۔