مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک ہمیں ملا ہو، ملک جب مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نوازشریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے۔
گوجرانوالہ میں وررکرز کنونشن کے بعد چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں خواجہ آصف، پرویز رشید اور رانا ثناءاللہ سمیت کئی اور رہنما شریک ہوئے۔ اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ گوجرانوالہ اس میں سب سے آگے ہے۔ گوجرانوالہ ٹیم نے پارٹی کی دیگر ڈویژنز کو چیلنج کر دیا۔ یقین ہے پارٹی کے ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پتلی تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہو چکے ہیں، سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے مگر ہم لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم کریں گے۔ گوجرانوالہ جلسے میں مریم نواز نے ایک بار پھر عمران خان ،فوج کے سابق جرنیلوں اور عدلیہ کے ججز پر سیاست میں مداخلت نواز شریف کی حکومت کے خاتمے اور رشوت لے کر فیصلے دینے کے سنگین الزامات بھی عائید کیے –