تھرپارکر کی ڈاکٹر کرن کھتری انٹرنیٹ سے سی ایس ایس کی تیاری کر کے اسسٹنٹ کمشنر بن گئیں

پاکستانیوں کو اللہ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے ان میں سے ایک تعلیم کا ٹیلینٹ بھی شامل ہے -کم وسائل کے باوجود پاکستانی طلبہ و طالبات دنیا میں اپنا نام بنا رہے ہیں -مگر آج پاکستان کے صحرا میں رہنے والی لڑکی نے جو کارنامہ کیا وہ شائید پاکستان کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے -صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کی ہونہار طالبہ کرن کھتری یوٹیوب سے تیاری کرکے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والی اپنے ضلع کی پہلی لڑکی بن گئی۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق کرن کھتری کا تعلق تھرپارکر کے شہر مٹھی سے ہے، جس نے سی ایس ایس کے حالیہ نتائج میں کامیابی حاصل کرکے ان لینڈ ریونیو سروس کے شعبے میں شمولیت اختیار کی ہے۔

 

کرن کھتری نے پہلے ایم بی بی ایس کی ڈگری لے کر ڈاکٹر بنیں پھر بھی انھوں نے تعلیم کو جاری رکھا اور وسائل نہ ہونے کے سبب یوٹیوب کے ذریعے سی ایس ایس کی تیاری کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرن کھتری نے بتایا کہ ”میں تھرپارکر کی واحد اور پورے سندھ سے تاحال سی ایس ایس کرنے والی تیسری ہندو لڑکی ہوں۔میں پولیس سروسز میں جانا چاہتی تھی لیکن مجھے ان لینڈ ریونیو کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ “

 

 

رپورٹ کے مطابق کرن کھتری نے 2020ءمیں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، جامشورو سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور 2021ءمیں سول ہسپتال حیدرآباد میں ہاﺅس جاب کرنے کے بعد انڈس میڈیکل کالج، ٹنڈو محمد خان میں بحیثیت لیکچرر ملازمت کرنے لگیں۔اسی دوران ان کے ذہن میں سوال پیدا ہوا کہ کیوں نہ اب مقابلے کے امتحان میں بیٹھوں ؟جس کے بعد انھوں نے گوگل اور انٹرنیٹ سے تعلق جوڑا اور پھر یہ ناقابل یقین کارنامہ سرانجام دے دیا –

ان کا کہنا تھا کہ ”ہاﺅس جاب کے دوران مجھے احساس ہوا کہ پاکستان میں ڈاکٹروں کے لیے حالات بہتر نہیں ہے، چنانچہ میں نے سی ایس ایس کی تیاری شروع کر دی۔ میں نے کسی اکیڈمی جانے کی بجائے مٹھی میں اپنے گھر بیٹھ کر ہی تیاری کی۔ میں نے زیادہ تر تیاری یوٹیوب پر موجود آن لائن کلاسز سے کی۔ میرے والد محکمہ تعلیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے بھی اس میں میری کچھ مدد کی۔“ کرن کھتری کا تعلق کیونکہ ہندو گھرانے سے ہے اس لیے انہیں پاکستان اور بھارت دونوں ممالک سے مبارک باد کے میسجز آرہے ہیں -

Related posts

ہائیکورٹ کا تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کی فوری رہائی کا حکم

9 جولائی 1967:مادر ملت فاطمہ جناح کی 57 ویں برسی

لاہور سمیت پنجاب بھر میں میٹرک کے نتائج کا اعلان