توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے دوران نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے 12 سوالات پوچھے ہیں اور تحائف کی رسیدیں بھی مانگ لیں۔ نیب نے عمران خان سے 12 سوالات کا جواب بھی مانگ لیا ہے۔ نیب کا سوالنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا گیا، عمران خان سے پوچھا گیا ہے کہ آپ نے توشہ خانہ سے حاصل گفٹ کتنی بار فروخت کئے، کون سی چیزیں بیچیں، یہ بھی بتائیں کہ یہ تحائف کب اور کس کو فروخت کئے۔ کیا ان ٹرانزیکشنز میں کوئی مڈل مین یا ویمن شامل تھی۔ ان کا اشارہ فرح گوگی کی جانب تھا –
عمران خان سے کہا گیا ہے کہ تحائف کی خریداری اور فروخت میں شامل ہر فرد کی تفصیل فراہم کریں۔ نیب نے ایف 7 کی دکان پر مبینہ طور پر فروخت ہونیوالے تحائف کی تفصیل بھی مانگ لی۔ سوالنامے میں مزید پوچھا گیا ہے کہ بطور وزیراعظم کتنے تحفے لئے۔ عمران خان سے بطور شواہد تحائف کی تصاویر بھی مانگی گئی ہیں۔ مزید پوچھا گیا کہ تحائف کی فروخت سے حاصل رقم بینک یا کیش کی صورت میں لی؟ نیب کو انکوائری کی پوری اجازت تو ہے مگر سوال یہ ہے کہ نیب نے عمران سے پہلے توشہ خانہ سے تحائف لے جانے والوں کو یہی سوالنامہ کیوں نہیں بھیجا کیونکہ احتساب تو سب کا ایک ساتھ ہونا چاہیے –