اسلام آباد: روس کی سفیر ڈینیلا گانچ نے کہا ہے کہ روس تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے علاوہ توانائی کے شعبے میں بھی پاکستان کی مدد کرنے کا خواہاں ہے۔
پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے لیے ہر چیز پر بات کرنے کا ایک اچھا موقع ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر بات چیت سے ایک دوسرے کے مفاد کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان کاروبار کا حجم کافی عرصے سے بڑھ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں روسی سفیر نے کہا کہ دوسرے مذہب کی بے عزتی کرنا آزادی اظہار نہیں ہے۔

افغانستان کے لیے امداد کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جانی چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان روسی فیڈریشن کے صدر ولادی میر پیوٹن کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر روس میں ہیں۔
وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، چودھری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) عامر خان بھی شامل ہیں۔
دو دہائیوں کے عرصے کے بعد یہ کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا روس کا پہلا دورہ ہے۔