بنجول (انٹرنیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت سے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدامات منسوخ کر کے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کررہا ہے،بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات، بلا جواز دعوؤں کا نوٹس لیا جانا چاہئے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گیمبیا میں 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس میں جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستانی وفد نے نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں شرکت کی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں سیاسی اورسکیورٹی ماحول ،انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ بھارت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکام نے اختلاف رائے کو کچلنے کیلئے خوف و ہراس کا ماحول بنایا ہوا ہے، بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور بلاجواز دعوؤں کا نوٹس لیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کارروائیاں علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور 5اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدامات منسوخ کرکے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔
بھارت 5 اگست کے اقدامات منسوخ اور سیاسی قیدی رہا کرے ؛اسحاق ڈار
26