بھارت میں 20 سال کے دوران 50 خواتین سے شادیاں کرکے انہیں لوٹ کر فرار ہونے والے شخص گرفتار کرلیا گیا ہے۔بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گرو گرام کی پولیس نے تاپیش نامی ملزم کو اوڑیسہ سے گرفتار کیا۔
جمشید پور سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے پہلی شادی 1992 میں کولکتہ میں کی تھی۔شادی کے 8 سال بعد 2000 میں وہ بیوی اور 2 بیٹیوں کو چھوڑ کر اور اس کا پیسہ لے کر غائب ہوگیا۔ اس کے بعد اس نے نیا کاروبار کرنے کا پلان بنایا اس نے نوجوانوں کو ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دے کر دھوکا دینے کی کوشش کی مگر ناکامی کا سامنا ہوا۔
اس کے بعد اس نے سوچا کہ خواتین سے کمرشل شادیوں کا کاروبار زیادہ فائدہ مند رہے گا تو اس نے اپنے اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے ایک ایپ کے ذریعے مالدار مطلقہ، بیوہ اور شادی شدہ خواتین سے روابط بڑھانا شروع کیے۔درمیانی عمر کی خواتین سے تعلقات قائم کرکے وہ انہیں دھوکا دے کر لوٹ لیتا اور پھر غائب ہو جاتا۔پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ 20 سال کے دوران 50 سے زائد خواتین سے شادیاں کیں اور پھر انہیں لوٹ کر غائب ہوگیا۔تاہم اب یہ مرغا قابو آگیا ہے اور حوالات کے ٹوکرے میں بند ہے –