پاکستان کو اس وقت چاروں طرف سے وطن دشمنوں نے گھیر رکھا ہے یہ کبھی افغانستان کے بارڈر سے حملہ کرتے تو کبھی بلوچستان میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہیں -ان کے حملوں میں بہت شدت آگئی ہے جس کی وجہ سے پاک فوج کا بہت جانی نقصان ہورہا ہے مگر مادر وطن کے یہ جانباز سپوت اپنے لہو سے دھرتی کی آبیاری کرکےدشمن کے ہر ناپاک حملے کو ناکام بنا رہے ہیں-آج ایک بار پھر شرپسندوں نے بلوچستان کو ٹارگٹ کیا -تاہم شمالی بلوچستان کے علاقے ژوب میں واقع گیریژن پر دہشتگردوں کے حملے کو پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کے گروہ کی جانب سے ژوب میں واقع گیریژن پر حملہ کیا گیا اور اندر گھسنے کی کوشش میں ڈیوٹی پر مامو ر پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا بہادری سے منہ توڑ جواب دیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے3 شدت پسند بھی مارے گئے –
شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی پر مامور5اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ، پاک فوج نے علاقے کو سیل کرتے ہوئے فرار ہونے والے 2 دہشتگروں کو پکڑنے کیلئے آپریشن شروع کر دیاہے ۔ علاقے میں آنے اور جانے کے راستے بند کر دیئے گئے ہیں ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر گھناؤنی کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔