گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی پاکستان میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا -ٹرانفارمر جلنے کے سبب بھی بعض مقامات پر اس علاقے کے لوگوں نے پوری رات بنا بجلی کے جاگ کر گزاری -ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 160میگاواٹ ہو گیا، جس کے سبب ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے تک پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع پاور ڈویژن کاکہناہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 20ہزار 540میگاواٹ ہے ،ملک بھر میں بجلی کی طلب 26ہزار 700میگاواٹ ہے ،ذرائع کا مزید کہناہے کہ پن بجلی کی پیداوار 8ہزار میگاواٹ جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس میں بجلی کی پیداوار 570 میگاواٹ ہے،نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7ہزار 300میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1200میگاواٹ ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 120میگاواٹ ہے،بگاس سے 150میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، نیوکلیئرپاور پلانٹس کی پیداوار 3ہزار 200میگاواٹ ہے – محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق ابھی ایک ہفتہ گرمی کی شدت میں اضافے کے سبب بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے –