سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) مخالف اتحاد، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ ایس یو پی کے سید جلال محمود شاہ نے جی ڈی اے کا حصہ بننے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سندھ کے گورننس سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں شروع کریں گے اور شہریوں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھانے کا مطالبہ کریں گے۔ جی ڈی اے کے چیف کنوینر سید صدرالدین راشدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کو ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے حکمرانوں کی 15 سالہ ناقص کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ راشدی نے کہا کہ یہ گروپ سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئر وومن بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بنایا گیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی میں شامل گروپ کا مقصد صرف قومی اثاثوں کو لوٹنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کو اتحاد میں خوش آمدید کہنے سے قبل ایس یو پی اور جی ڈی اے کے رہنماؤں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایس یو پی رہنما اگلا الیکشن جی ڈی اے کے انتخابی نشان سے لڑیں گے۔