اسلام آباد (انٹرنیوز) رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصرنے کہاہے کہ ایوان میں بیٹھے مینڈیٹ چوروں کو نہیں مانتے، پارلیمنٹ مجلس شوری بن گئی ہے ،خود کو مزاحمت کیلئے تیار کررہے ہیں، جلد ملک میں خلق خدا کی طاقت ہوگی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہراور پارٹی رہنماء عمر ایوب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ایوان میں مینڈیٹ چور بیٹھے ہیں ہم انہیں نہیں مانتے ،یہ پارلیمنٹ اب پارلیمنٹ نہیں رہی بلکہ ضیا الحق کی مجلس شوری بن گئی، ہم اس کیخلاف مزاحمت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اب کوئی بھی پارلیمان میں آسکتا ہے، شرط ایک ہے کہ بس ہاں میں ہاں ملاؤ۔ انہوں نے کہا کہ جس کو ایم این اے بننا ہے وہ الیکشن کمیشن کو پیسے دیدے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کاحق ہے لیکن یہ منتخب ایوان نہیں ہے، یہ قانون کی بدترین خلاف ورزی کررہے ہیں، ان کا اگلا ٹاسک (ن) لیگ کو 20سیٹیں اور دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب سے بھی (ن) لیگ کو سیٹیں دینا چاہتے ہیں لیکن ہم مزاحمت کریں گے یہ ایک لمبی جنگ ہے، ہم مشترکا اجلاس میں بھرپور احتجاج کریں گے، نہ ڈریں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم ایوان میں بھرپور مزاحمت کریں گے اور ملک کو قائداعظم کا ملک بنائیں گے، ہم ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے، وہ دن قریب ہے جب خلق خدا طاقت میں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم مزاحمت کیلئے خود کو تیار کر رہے ہیں ۔عمر ایوب نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشنر کو کینیڈا میں سفیر بنانے کا کہا جا رہا ہے ،لولی پاپ کے بدلے اپنے مقاصد پورے کروائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہی ہے، اسمبلی میں کیا ترامیم کرنے جارہے ہیں ، اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں کو کچھ پتا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرقانون نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد آیا ہوا ہے یہ اس لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریمنل لاء سمیت متعدد نجکاری کے معاملات کا آئی ایم ایف سے کیا تعلق ہے؟۔انہوں نے کہا نجکاری ضرور کریں لیکن معاملے کو کمیٹیوں میں تو لائیںانہوں نے کہا کہ وزیراعلی علی امین نام نہاد وزیراعظم سے صوبے کے حق کیلئے ملنے گئے تھے۔چیئرمین بیرسٹر گوہر نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کا حق ہے، آج پہلے ہی دن قانون سازی کی ابتداء قانون کو توڑ کر کی گئی ہے، وہ قانون جو آپ تبدیل کرنا چاہتے ہیں ارکان کے علم میں لائیں، یہی آئینی طریقہ ہے،جس طرح سے بل پاس کئے گئے وہ غیر قانونی ہے۔
ایوان میں بیٹھے مینڈیٹ چوروں کو نہیں مانتے، اسد قیصر
