اسلام آباد: اپوزیشن جماعتیں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کے عہدے کے لیے مجوزہ ناموں پر اتفاق رائے نہیں کر سکیں۔
اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ایف) اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے سامنے اپنے تجویز کردہ نام پیش کردیئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جے یو آئی (ف) نے سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس (ر) دوست محمد خان کا نام تجویز کیا ہے۔
مسلم لیگ ن نے سابق چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کے بھائی ناصر سعید کھوسہ اور سلمان صدیق اور عرفان قادر کے نام پیش کیے ہیں۔
پیپلز پارٹی نے سابق جج کے علاوہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا نام تجویز کیا ہے۔
اپوزیشن نے چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے تین ناموں پر اتفاق کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم کمیٹی اب تک امیدواروں پر تصفیہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اپوزیشن ناموں پر دوبارہ غور کرے گی۔
قواعد کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے تین نام صدر کو بھجوانے ہوتے ہیں۔
نیب آرڈیننس کے تحت وزیراعظم نئے چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن سے مشاورت کرنے کے پابند ہیں۔
نیب آرڈیننس کے مطابق صدر، قائد اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چار سال مشاورت کے بعد چیئرمین نیب کا تقرر کریں گے۔