وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی میں بڑی پیش رفت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پڑوسی ملک انڈونیشیا فوری طور پر پاکستان کو پام آئل فراہم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جس کے بعد پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا اور انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے بات چیت کی۔

اطلاعات کے مطابق دس کے قریب بحری جہاز خوردنی تیل سے لدے ہوئے ہیں جو آئندہ دو ہفتوں میں انڈونیشیا اور ملائیشیا سے پاکستان پہنچیں گے۔ انڈونیشیا سے پاکستان کو مجموعی طور پر 25 لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے اپنے انڈونیشین ہم منصب سے معاملات طے کئے۔ پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ معاملات کو تیز کر دیا۔
واضح رہے کہ 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا جہاز منگل کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگا۔ انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے وفد میں پاکستان ویجیٹیبل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی اور ایسوسی ایشن کے رکن راشد جان محمد شامل تھے۔