لاہور: ریاستہائے متحدہ (امریکی) کے قونصل جنرل ولیم کے مکانیول نے پنجاب حکومت کے ساتھ دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مفاہمت آج (جمعرات) لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور امریکی قونصل جنرل ولیم کے مکانیول کے درمیان ملاقات کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، پارلیمانی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ولیم کے مکنیول نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر جہتی تعلقات ہیں۔ پنجاب حکومت امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیشہ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو آئین کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہیں۔
دریں اثناء امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا۔