پاکستان میں اس وقت معیشت کے ساتھ ساتھ انتظامی حالات بھی بدتر ہوتے جارہے ہیں -اہم اداروں اور اہم عہدوں پر بیٹھے لوگ اپنے فیصلے کرنے لگے ہیں اور ہر شخص درخواست لیکر عدالت پہنچ جاتا ہے – عدالت میں عام آدمی کے کسی کیس کی کوئی بھی خبر گزشتہ 8 ماہ سے ٹی وی پر نہیں سنی ہر وقت حکومت اور اپوزیشن اپنی اپیلیں لے لے کر عدالت جارہے ہیں جس پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز بھی طیش میں آگئے -اب پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سینئر ترین عہدے داران جن میں چیف الیکشن کمیشن اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کے درمیان بھی اختلافات پیدا ہوگئے ہیں جس کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید 21 روز کی چھٹیوں پر امریکا چلے گئے ،ذرائع کاکہناہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سیکرٹری عمر حمید کی کارکردگی سے ناخوش تھے۔
ذرائع کاکہناہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ہیں،الیکشن کی تیاری کیلئے کئی کمیٹیوں کی سربراہی سیکرٹری الیکشن کمیشن خود کررہے تھے ،الیکشن کمیشن نے نئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی تلاش شروع کردی ۔ قوی امکان ہے کہ عمرحمید کی چھٹیوں کے دوران ہی نیا سیکرٹری الیکشن کمیشن تعینات کرکے انہیں اس عہدے سے سبکدوش کردیا جائے گا ۔