آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی اور اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا اور آج ایک اور شخص جان کی بازی ہارگیا -آج یہ افسوسناک واقعہ ساہیوال میں پیش آیا جہاں مفت آٹا لینے کیلئے آنیوالا شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا، اس کے ساتھ ساتھ جعفر آباد میں بھی 3 خواتین زخمی ہو گئیں۔
جعفر آباد کے نواح میں ڈیرہ الہ یار میں آٹا پوائنٹ پر آنیوالی خواتین دھکم پیل کے سبب بھگدڑ مچنے پر بہت سی خواتین زمین پر گرنے سے زخمی ہوگئیں جنہیں طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا ۔ ساہیوال میں آٹا ملنے کے انتظار میں کھڑا شخص دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جا ملا۔
فورٹ عباس میں آٹا پوائنٹ پر رش بڑھنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا جس کے باعث شدید دھکم پیل ہوئی، قطاروں میں طویل انتظار کرنے والوں نے میڈیا کو بتایا کہ آٹا تو کیا ملنا تھا پولیس سے ڈنڈے کھا کر شہری گھروں کو لوٹے۔ حکومت کی بد انتظامی 12 روز گزر
جانے کے بعد بھی جوں کی توں ہے اور شہر شپہر سے لوگوں کی شکایات موصول ہورہی ہیں -بہت سے مقامات پر آٹا پوائنٹ پر آٹا نہ پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں –