آسٹریلوی حکومت گزشتہ ہفتے سڈنی کے ویسٹ فیلڈ بونڈی جنکشن شاپنگ مال میں اپنی جان پر کھیل کر لوگوں کو بچانے والے پاکستانی سکیورٹی گارڈ محمد طٰحہ کو آسٹریلوی شہریت دینے پر غور کر رہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کی خبر کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنےوالے 2 نوجوانوں محمد طٰحہ اور فراز طاہر نے غیرمعمولی شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ اس واقعے میں محمد طٰحہ زخمی ہواجبکہ اس کا ساتھی گارڈ فراز طاہر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔جس کے سبب حملہ آور اپنے مزموم مقصد میں کامیاب نہ ہوسکا –
آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر کسی کی مدد کرنا بہت بڑی بات ہے۔ ایسے ہر عمل کی کھل کر ستائش کی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ شاپنگ مال میں چاقو سے مسلح ایک شخص نے بشپ مرمری ایمانوئیل اور دیگر لوگوں پر حملہ کیا۔ محمدطٰحہ اور فراز طاہر نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان لوگوں کی جان بچائی۔حملے میں بشپ کو سر اور سینے پر زخم آئے۔ حملہ آور کو پولیس نے واقعے کے فوری بعد فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔