انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021-23 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کردیا۔ آئی سی سی کی طرف سے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، چیمپئن شپ کے افتتاحی ایڈیشن (2019-21) کے لیے 3 اعشاریہ 8 ملین ڈالر کے برابر ہی اس چیمپئن شپ میں بھی انعام دیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق گزشتہ چیمپئن شپ میں 2021 میں ساؤتھمپٹن میں نیوزی لینڈ بھارت کو فائنل میں شکست دے کر فاتح قرار پائی تھی اور پہلی ٹیسٹ ورلڈ چیمپین بنی تھی اور اسے 16 ملین ڈالر کا انعام دیا گیا تھا، اس بار بھی ورلڈ چیمپین بننے والی ٹیم کو یہی انعام ملے گا جب کہ رنر اپ کو آٹھ لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
جنوبی افریقہ کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021-23 کی سٹینڈنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ساڑھے چار لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ انگلینڈ جو کہ چوتھے نمبر پر ہے اسے ساڑھے تین لاکھ ڈالر ملیں گے۔پانچویں نمبر پر موجود سری لنکا کو دو لاکھ ڈالر ملیں گے۔
اس کے علاوہ چھٹے نمبر پر نیوزی لینڈ، ساتویں پر پاکستان ، آٹھویں پر ویسٹ انڈیز اور نویں نمبر پر بنگلہ دیش کی ٹیمیں ہیں، ان میں سے ہر ٹیم کو ایک ایک لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔